بھٹکل 27 اگست (ایس او نیوز) جیسے جیسے دن گذرتے جارہے ہیں، کورونا معاملات میں کمی آنے کے بجائے اس میں روز بروز اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے، آج جمعرات کو ریاست کرناٹک میں کورونا کے سب سے زیادہ یعنی 9,386 معاملات سامنے آئے ہیں جس میں دوسری مرتبہ بنگلور نے 3000 کیسس کو عبور کردیا ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق آج بنگلور میں 3357 معاملات سامنے آئے ہیں، اسی طرح آج اُترکنڑا میں بھی اب تک کے سب سے زیادہ معاملات یعنی 198 کیسس درج کئے گئے ہیں، جبکہ پڑوسی ساحلی اضلاع اُڈپی میں 209 اور جنوبی کینرا میں 297 معاملات ریکارڈ کئے گئے ہیں۔تشویش کی بات یہ ہے کہ آج چوبیس گھنٹوں کے دوران مینگلور یا دکشن کنڑا میں سات لوگ ہلاک ہوئے، جبکہ اُڈپی میں ایک شخص کی موت ہوئی۔
اُترکنڑا میں آج سب سے زیادہ کورونا پوزیٹیو کے معاملات ڈانڈیلی سے سامنے آئے ہیں جہاں پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 57 معاملات درج ہوئے ہیں، بھٹکل میں 22، کمٹہ اور ہوناور میں 18، 18، سرسی میں 16، انکولہ میں 14، سداپور میں 13، یلاپور اور کاروار میں 12، 12، جوئیڈا میں 11 اور منڈگوڈ میں 5 کورونا پوزیٹو کیسس پائے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ ضلع اُترکنڑا میں اب تک 435 لوگ اپنے اپنے گھروں میں ہی کورنٹائن کئے گئے ہیں ، 688 لوگوں کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے، جبکہ آج جمعرات کو 111 لوگوں کو کورونا سے راحت ملنے پر اسپتالوں سے ڈسچارج کرکے گھر بھیجا گیا ہے۔
تشویش کی بات یہ بھی ہے کہ آج ایک ہی دن ریاست بھر میں 141 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں جس کے ساتھ ہی ریاست میں اب تک کوویڈ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 5232 ہوگئی ہے۔
ریاست بھر سے آج کورونا سے نجات پاکر جملہ 7866 لوگ اسپتالوں سے ڈسچارج بھی ہوئے ہیں۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 2.19 لاکھ افراد کوویڈ سے جوجنے میں کامیاب ہوکر اپنے اپنے گھر جاچکے ہیں۔
ریاست میں جملہ 3.09 لاکھ کورونا کے کیسس میں اب ایکٹیو کیسس کی تعداد 84987 ہے جس میں 747 لوگ آئی سی یو میں ایڈمٹ ہیں۔